Tuesday 22 March 2016

لاہور(جنرل رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ توانائی بحران کا خاتمہ ایک چیلنج ہے جس پر ہر صورت پورا اتریں گے۔بھکی،شیخوپورہ میں گیس پاور پلانٹ کے منصوبے پر کا م کرنے والے انجینئر ز اورکارکن ایک اہم قومی ذمہ داری ادا کررہے ہیں جو کہ ایک قومی خدمت ہے،منصوبے پر کام کرنے والے مزدوروں کو ہر طرح کی سہولتوں کی فراہمی اورانکی دیکھ بھال پراجیکٹ انتظامیہ اور حکومت پنجاب کی ذمہ داری ہے اور میں ذاتی طورپرمزدوروں کو سہولتوں کی فراہمی کے کام کی نگرانی کروں گا۔وزیراعلیٰ شہبازشریف نے ان خیالات کا اظہار بھکی ، شیخوپورہ میں گیس پاور پلانٹ کے منصوبے پر کام کی رفتار کاجائزہ لینے کے بعدانجینئرز،ماہرین،سرکاری افسران اورمزدوروں کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔وزیراعلیٰ نے اپنے خطاب میں کہا کہ پوری قوم بجلی کے منصوبوں کی بروقت تکمیل کی طرف دیکھ رہی ہے ،لہٰذاتوانائی منصوبوں کی تکمیل میں ایک لمحے کی بھی تاخیر برداشت نہیں کی جاسکتی ۔انہوں نے کہا کہ جہاں بھی توانائی کے منصوبے لگ رہے ہیں اس پرچیلنج سمجھ کرکام کیا جائے تاکہ بجلی کے کارخانے اپنی مقررمدت میں مکمل ہوں اوربجلی کی پیداوار میں اضافہ ہو۔انہوں نے کہا کہ توانائی سمیت ہر شعبے میں قوم کی توقعات پر پورا اتریں گے اورقوم کو مایوس نہیں کریں گے۔بجلی کے بحران کے خاتمے کے چیلنج سے عہدہ برا ہورہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت بھکی، شیخوپورہ میں اپنے وسائل سے گیس کی بنیاد پر 1180 میگاواٹ کا پاور پلانٹ کا منصوبہ لگا رہی ہے اوریہ منصوبہ اگلے برس کے اختتام تک مکمل ہوگااورمنصوبے کی تکمیل سے سستی بجلی ملے گی۔انہوں نے کہا کہ گیس کی بنیاد پر پاور پلانٹ کے منصوبے پر سرمایہ کاری تو پنجاب حکومت کی ہے تاہم یہ قومی منصوبہ بجلی پاکستان کو دے گا اوریہ پنجاب کا نہیں بلکہ پاکستان کا منصوبہ ہے اور اس منصوبے سے وزیراعظم نوازشریف کی ولولہ انگیز قیادت میں توانائی بحران کے خاتمے اور ملک سے لوڈشیڈنگ کے اندھیرے دور کرنے کیلئے کی جانے والی کاوشوں کو بے حد تقویت ملے گی اور انشاء اﷲ ملک سے لوڈشیڈنگ کے اندھیرے دور کرنے میں ہماری مخلصانہ کاوشیں ضرور رنگ لائیں گی۔انہوں نے کہا کہ ملک کے طول و عرض میں پھیلے اندھیروں کو دور کرنے کیلئے نوازشریف کی قیادت میں دن رات کام ہورہا ہے جس کاگواہ پورا پاکستان ہے۔وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف بھکی ،شیخو پور ہ میں پنجاب حکومت کے اپنے وسائل سے لگائے جانے والے گیس پاور پلانٹ کے منصوبے کے کاموں پر پیش رفت کا جائزہ لیااورکام کی رفتار پراطمینان کا اظہار کیا۔وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ منصوبے کی مقرر مدت میں تکمیل یقینی بنانے کیلئے کوئی کسر اٹھانہ رکھی جائے کیونکہ قوم ہم سے اسی بات کی توقع رکھتی ہے کہ بجلی کے منصوبے بروقت مکمل ہوں ۔وزیراعلیٰ کو اس موقع پرمنصوبے کے بارے میں بریفنگ بھی دی گئی۔قائد اعظم تھرمل پاور پرائیویٹ لمٹیڈ کمپنی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ا حد خان چیمہ نے بھکی پاور پلانٹ کے منصوبے پر پیش رفت سے آگاہ کیا۔لاہور(جنرل رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی زیر صدارت اعلی سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میں پنجاب حکومت کی ترقیاتی حکمت عملی 2018 ء پر تیز رفتاری سے عملدرآمد کے حوالے سے مختلف امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو تعلیم، صحت اور دیگر بنیادی سہولتوں کی فراہمی حکومت کی ذمہ داری ہے اور اس مقصد کے لئے ترقیاتی حکمت عملی پر موثر اور تیز رفتاری سے عمل کرنا ہے اور اس کیلئے اداروں کو پوری طرح متحرک ہونا ہوگا اور ترقیاتی حکمت عملی کے تحت متعین کردہ اہداف کے حصول کے لئے محنت، عزم اور فرض شناسی کے جذبے سے کام کرنا ہوگا۔ انہو ں نے کہا کہ ترقیاتی اہداف کا حصول یقینی بنانے کیلئے موثر مانیٹرنگ سسٹم ضروری ہے ۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ زراعت کا فروغ حکومت کی ترقیاتی حکمت عملی کا اہم جزو ہے۔ زراعت کے فروغ اور چھوٹے کاشتکاروں کی خوشحالی کے لئے 100 ارب روپے کا تاریخی پیکیج دیا ہے۔ زراعت کی ترقی اور کسانوں کی فلاح و بہبود کے لئے پنجاب کسان کمیشن بھی قائم کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی اہداف کے حصول کے لئے متعلقہ اداروں کی استعداد کار میں اضافہ کرنا ہوگا۔ ترقیاتی حکمت عملی کے اہداف کے حصول کے لئے تمام متعلقہ اداروں کو مربوط انداز سے کام کرنا ہے اور ایسے اقدامات کرنا ہیں جن سے عوام کو بہترین خدمات میسر آئیں ۔ شرح نمو میں اضافے اور سرمایہ کاری بڑھانے کے لئے ہر محکمہ کو اپنا موثر کردار ادا کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت شہری اور دیہی علاقوں کی متوازن ترقی کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔ دیہی معیشت کے فروغ کے لئے کھیت سے منڈیوں تک سڑکوں کی تعمیر و بحالی کے بڑے پروگرام پر عمل پیرا ہیں۔ شرح نمو میں اضافے کے لئے توانا ئی بحران کا جلد خاتمہ بھی ضروری ہے۔ توانائی بحران کے خاتمے کے لئے بجلی کے منصوبے تیز رفتاری سے لگ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان ہمارا قیمتی سرمایہ ہیں ، پنجاب حکومت نے ترقیاتی حکمت عملی کے تحت 20 لاکھ نوجوانوں کو ہنر مند بنانے کا پروگرام بنایا ہے۔ ترقیاتی حکمت عملی کے ثمرات عوام تک پہنچانے کے لئے تمام اداروں کو موثر انداز سے کام کرنا ہے۔ صوبائی وزرا رانا ثناء اللہ ، راجہ اشفاق سرور، عائشہ غوث پاشا ، مشیر اعجاز نبی ، چیف سیکرٹری خضر حیات گوندل ، چیئرمین پی اینڈ ڈی ، متعلقہ سیکرٹریزاور ماہرین معاشیات نے اجلاس میں شرکت کی۔

No comments:

Post a Comment