Friday, 25 March 2016

بھارت نے پاکستان میں اپنے جاسوس کی گرفتاری تسلیم کرلی، قونصلر رسائی کا مطالبہ

نئی دہلی (مانیٹرنگ ڈیسک) بھارت نے پاکستان میں اپنے جاسوس کی گرفتاری تسلیم کرلی اور پاکستان سے گرفتار شخص تک قونصلر رسائی مانگ لی ۔
بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہاہے کہ پاکستان میں بھارتی شہری کی گرفتاری تسلیم کرتے ہیں ، کل بھوشن یادیو نیوی کا سابق ملازم ہے جس نے قبل ازوقت ریٹائرمنٹ لے لی تھی ، ملزم کا حکومت سے کوئی تعلق نہیں ، گرفتارشخص نیوی کا سابق کمانڈر اور ممبئی کا رہائشی ہے ۔ 
یادرہے کہ اس سے قبل دونوں ممالک کے درمیان تعلق زیادہ اچھے نہیں اور عمومی طورپر بھارت کی طرف سے پاکستان کے خلاف پراپیگنڈا ہی کیا جاتاہے اور پاکستان کی طرف سے فراہم کیے جانیوالے ثبوت ہی مستر د کردیئے جاتے ہیں لیکن پہلی مرتبہ کھل کر اعتراف کرلیا۔
دوسری طرف دوران تفتیش ملزم کل بھوشن یادیو نے انکشاف کیاکہ پاکستان میں ”حسین مبارک پٹیل“ کے نام سے رہ رہا تھا۔ وہ 2013 سے ” را‘ ‘ میں تعینات تھا جبکہ وہ بھارتی نیوی میں افسر کے عہدے پر فائز ہے اوربھارتی نیوی میں اس کارڈ نمبر زیڈ41588 ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ بھوشن یادیو نے دوران تفتیش یہ بھی بتایا ہے کہ وہ کراچی اور بلوچستان میں ہونے والی متعدد دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث رہا ہے جبکہ بلوچستان اور کراچی کو علیحدہ کرنے کی سازش بھی کر رہا تھا۔ذرائع کے مطابق کل بھوشن یادیو کی تاریخ پیدائش 16 اپریل 1970 ہے جبکہ اس کے دو بچے اور بیوی بھارت میں اس کے والدین کیساتھ مقیم ہیں۔اس نے دوران تفتیش بتایا کہ وہ ایران کے راستے بلوچستان آتا تھا اور وہ 2003 سے ایرانی پورٹ چاہ بہار میں پاکستان کیخلاف کام کیلئے تعینات تھا۔اس کے پاسپورٹ پر ایران کا ویزہ لگا ہوا ہےاور اس کے پاسپورٹ کا نمبر ایل 9630722 ہے جبکہ اس کے والد کا نام سدھیر یادیو ہے۔

No comments:

Post a Comment