اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک )آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے وزیر اعظم نوازشریف سے ملاقات کی ہے جس میں پاناما لیکس پر بات چیت کی گئی۔آرمی چیف نے پاناما لیکس کے بعد سے ملک کی سیاسی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا۔دنیا اور اے آر وائی نیوزکے مطابق آرمی چیف نے پاناما لیکس کا معاملہ جلد از جلد حل کرنے پر زور دیا ہے۔نجی ٹی وی چینلز کے مطابق آرمی چیف نے کہا کہ پاناما لیکس ملکی سکیورٹی اور معاشی صورتحال پر اثر انداز ہو رہی ہے۔ملکی ترقی اور سلامتی کیلئے سب کو مل کر کام کرنا ہے۔
اسلام آباد میں وزیراعظم ہاﺅس میں وزیراعظم نواز شریف اور آرمی چیف جنرل راحیل شریف کے درمیان ملاقات ہوئی ۔ملاقات میں دیگر اعلیٰ عسکری حکام بھی شریک تھے۔
ٹی وی چینلز کے مطابق اجلاس میں ملکی سکیورٹی صورتحال پر بات چیت ہوئی،آرمی چیف نے ملک بھر میں جاری کومبنگ آپریشن پر بریفنگ دی جبکہ مجموعی داخلی صورتحال اور سرحدی سکیورٹی پربھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ذرائع کا کہنا تھا کہ اس اعلیٰ سطحی اجلاس میں آئی ڈی پیز کی واپسی بھی زیر غور آئی جبکہ افغانستان کی صورتحال پر بھی بات چیت کی گئی۔
یہاں یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ احتساب اور نیشنل ایکشن پلان کی وجہ سے مبینہ طورپر آرمی چیف اور وزیراعظم میں اختلافات کی اطلاعات ہیں اور انگریزی اخبارات یہ بھی دعویٰ کرچکے ہیں کہ وزیراعلیٰ پنجاب اور وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان آرمی چیف اور وزیراعظم کے درمیان ملاقات کرانے کے لیے کئی راتیں صرف کرچکے ہیں جبکہ سابق آرمی چیف اشفاق پرویزکیانی سے بھی ملاقاتیں کیں لیکن اسٹیبلشمنٹ نے واضح کیا کہ کرپشن کیخلاف شروع کی گئی مہم کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے لیکن حکومت کو عدم استحکام کا شکار کرنے میں کوئی دلچسپی نہیں ۔
No comments:
Post a Comment