Monday, 9 May 2016

پاناما لیکس کا دوسرا دھماکہ، عبدالعلیم خان، زلفی بخاری،سیٹھ عابد ، شرمین عبید چنائے کی والدہ سمیت 400 پاکستانی آف شور کمپنیوں کے مالک نکلے

لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) پاناما لیکس کا دوسرا بم پھٹ گیا ، عمران خان کے دوست ذوالفقار عرف زلفی بخاری کے خاندان کی 6 کمپنیاں ، بے نظیر کے کزن طارق اسلام، آصف علی زرداری اور الطاف حسین کے دوست سیٹھ عابد ، عرفان اقبال پوری اور ریٹائرڈ ایڈ مرل کے بیٹوں کے نام پاناما لیکس میں آ گئے۔سابق وزیر صحت نصیر خان کے بیٹے ،پورٹ قاسم اتھارٹی کے سابق ایم ڈی عبدالستار ڈیرو ، پی ٹی آئی کے علیم خان ،آسکر ایوارڈ یافتہ شرمین عبید کی والدہ کا نام بھی شامل ہے۔ولیانی خاندان کا تعلق چار کمپنیوں سے نکلا جبکہ کراچی چیمبرکے سابق صدر شوکت احمد بھی شیل کمپنی کے مالک نکلے۔ 
انٹرنیشنل کنسورشیم آف جرنلسٹس (آئی سی آئی جے )کی جانب سے پاناما پیپرز کی دوسری قسط لیک کردی گئی ہے ۔ آئی سی آئی جے کی جانب سے جاری کی گئی نئی قسط میں پاکستان سے تعلق رکھنے والی 400شخصیات کے نام سامنے آئے ہیں۔ پاناما لیکس میں بتایا گیا ہے کہ سابق صدر آصف علی زرداری اور الطاف حسین کے قریب رہنے والے تاجر عرفان اقبال پوری کی تین کمپنیوں کی ملکیت نکل آئی۔عرفان اقبال کا دعوی ٰ ہے کہ وہ آصف زرداری کے پارٹنر ہیںان کی اپنے بیٹے کے ساتھ برٹش ورجن آئی لینڈ میں رجسٹرڈ کمپنیوں میں آئی پی کموڈیٹیز لمیٹڈ، آئی پی گلوبل لمیٹڈ اور پیور پام آئل لمیٹڈ شامل ہیں۔ لنک انویسٹمنٹ لمیٹڈ کمپنی بہاماس میں رجسٹر ڈہے اوریہ بینظیر بھٹو کے کزن طارق اسلام کی ہے۔
عمران خان کے اہم فنانسر سید ذوالفقار عباس بخاری عرف زلفی بخاری اپنی بہنوں کے ساتھ آف شور کمپنیوں کے مالک ہیں اس خاندان کی 6 کمپنیاں ہیں جن میں کے فیکٹر لمیٹڈ، بریڈبری ریسورسز لمیٹڈ، بے ٹیک لمیٹڈ، بیلا ٹریڈنگ لمیٹڈ، پوریم ٹریڈنگ لمیٹڈ اورجین اسٹیم ٹریڈنگ لمیٹڈ شامل ہیں۔پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما اور عمران خان کے انتہائی قریبی سمجھے جانے والے عبدالعلیم خان کا نام بھی آف شور کمپنیاں بنانے والوں کی فہرست میں شامل ہے۔

No comments:

Post a Comment