Monday 16 May 2016

پاناما لیکس:قومی اسمبلی کا ہنگامہ خیز اجلاس شروع، عمران خان پہنچ گئے، وزیراعظم کی ایوان آمد کا شدت سے انتظار جاری

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) پاناما لیکس کے بعد ملک کی روافزوں خراب ہوتی ہوئی سیاسی صورتحال کے پیش نظر بلایا جانیوالا قومی اسمبلی کا اہم اجلاس شروع ہو گیا ہے جس میں وقفہ سوالات جاری ہے۔ قائد حزب اختلاف خورشید شاہ، پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان سمیت دیگر رہنماءایوان میں پہنچ چکے ہیں جبکہ وزیراعظم نواز شریف کی ایوان آمد کا شدت سے انتظار کیا جا رہا ہے۔ اجلاس میں وزیراعظم نواز شریف کے علاوہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی جانب سے بھی آف شورکمپنیوں کی وضاحت دیئے جانے کا امکان ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق شام پانچ بجے سپیکر اسمبلی سردار ایاز صادق خان کی صدارت ہونے والے اس اجلاس میں پاناما لیکس پر بحث ہو گی۔اجلاس سے قبل وزیراعظم کی زیر صدارت ایک مشاورتی اجلاس بھی طلب کیا گیا ہے جس میں قومی اسمبلی میں اپنائی جانے والی حکمت عملی پر غور کیا جارہا ہے۔مشاورتی اجلاس میں شرکت کیلئے وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف بھی خصوصی طیارہ کے ذریعے لاہور سے اسلا م آباد پہنچے ہیں۔دوسری جانب اپوزیشن نے بھی تین بجے مشترکہ اجلاس طلب کرلیا ہے جس میں اسمبلی اجلاس میں اپنائی جانے والی حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
خیال رہے کہ اپوزیشن نے وزیراعظم نوازشریف سے پوچھنے کیلئے مشترکہ طور پر 7 سوالات ترتیب دیئے ہوئے ہیں جو وہ قبل ازیں میڈیا پر جاری کرچکے ہیں۔نجی ٹی وی کے مطابق وزیر اعظم کی جانب سے جواب نہ ملنے پر اپوزیشن کے احتجاج کا بھی امکان ہے۔پاناما لیکس کے معاملے پر ہونے والے اجلاس میں شرکت کیلئے حکومت اور اپوزیشن نے اپنی اپنی حکمت عملی تیار کرلی ہے، حکومت کی طرف سے اپنائی گئی حکمت عملی کے مطابق وزیراعظم قومی اسمبلی میں آمد پر اپوزیشن کی طرف سے پوچھے گئے سوالات سے پہلے پالیسی بیان دیں گے جس میں وہ ایوان کو بتائیں گے کہ ان کا کسی بھی آف شور کمپنی میں نام نہیں ہے اور ان کے بچوں پر پاکستان کے قوانین کا اطلاق نہیں ہوتا اس لئے انہیں اپنے بزنس کا مکمل حق حاصل ہے؎
دوسری جانب اپوزیشن نے وزیراعظم کی ایوان آمد پر احتجاج نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔اپوزیشن میں سب سے پہلے قائد حزب اختلاف خورشید شاہ اپنے کیالات کا اظہار کریں گے۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم سے قبل ایوان میں اپوزیشن اراکین اظہار خیال کریں گے جس کے بعد وزیراعظم پاناما لیکس کے معاملے پراپوزیشن کے تحفظات پر بات کریں گے۔
دوسری جانب قومی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کیلئے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان مانچسٹر سے اسلام آباد پہنچ چکے ہیں۔قبل ازیں ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم ایوان میں آ رہے ہیں تو وہ بھی ضرور آئیں گے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی بھی ایوان کو اپنی آف شور کمپنیوں سے متعلق وضاحت پیش کریں گے۔

No comments:

Post a Comment