Friday, 20 May 2016

سعودی عرب میں دنیا کی سب سے بلند عمارت کی تعمیر کھٹائی میں پڑگئی، منصوبہ خواب بن گیا کیونکہ۔۔۔

ریاض (مانیٹرنگ ڈیسک) دنیا کی بلند ترین عمارت بنانے کا سعودی خواب مملکت کی مشہور تعمیراتی کمپنی بن لادن گروپ کی مالی مشکلات کی نظر ہوتا دکھائی دے رہا ہے کیونکہ یہ اطلاعات سامنے آرہی ہیں کہ اس عمارت کی تعمیر میں کم از کم ایک سال کی تاخیر پہلے ہی ہوچکی ہے۔
ایک کلومیٹر بلند جدہ ٹاور، جسے پہلے کنگڈم ٹاور کا نام دیا گیا تھا، کی تعمیر 2018ءمیں متوقع تھی اور عریبین بزنس کی رپورٹ کے مطابق مارچ میں اس کا 20 فیصد کام مکمل ہوچکا تھا۔ ویب سائٹ البوابا کے مطابق جدہ اکنامک کمپنی کے چیف ڈویلپمنٹ آفیسر ہشام جوماہ نے بتایا کہ اب اس ٹاور کی تعمیر 2018 کی بجائے 2019ءکے آخر میں متوقع ہے۔ اس تاخیر کے لئے متعدد عوامل ذمہ دارہیں، لیکن سب سے بڑی وجہ بن لادن گروپ کے مالی مسائل کو قرار دیا گیا ہے۔ 
میڈیا رپورٹس کے مطابق بن لادن گروپ کے مسائل گزشتہ سال مسجد الحرام میں پیش آنے والے کرین حادثے کے بعد شدت اختیار کر گئے، اور اب اس کمپنی کے سینکڑوں ملازمین کئی ماہ سے تنخواہوں کے منتظر ہیں۔ ہشام جوماہ کا یہ بھی کہنا تھا کہ جدہ ٹاور کی تعمیر کرنے والی کمپنی ہر پانچ روز میں ایک منزل کی تعمیر مکمل کر کے کام کی رفتار بڑھانا چاہتی ہے، جبکہ اس وقت ایک منزل چھ سے آٹھ دن میں بنائی جا رہی ہے۔

غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ نہیں کی جا رہی ،شہروں میں 6اور دیہات میں 8گھنٹے لود شیڈنگ ہو رہی ہے: وزارت پانی و بجلی

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) وزارت پانی و بجلی نے انکشاف کیا ہے کہ ملک کے کسی بھی حصے میں غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ نہیں ہو رہی ۔
ترجمان وزارت پانی و بجلی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ملک میں غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ نہیں کی جا رہی تاہم ملک میں بجلی کی قلت 3ہزار 350میگا واٹ تک پہنچ چکی ہے ۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ اس وقت شہروں میں 6جبکہ دیہا ت میں 8گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے جبکہ بجلی کی طلب 18ہزار 300اور پیداوار 14ہزار 900میگا واٹ ہے ۔

Monday, 16 May 2016

پاناما لیکس:قومی اسمبلی کا ہنگامہ خیز اجلاس شروع، عمران خان پہنچ گئے، وزیراعظم کی ایوان آمد کا شدت سے انتظار جاری

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) پاناما لیکس کے بعد ملک کی روافزوں خراب ہوتی ہوئی سیاسی صورتحال کے پیش نظر بلایا جانیوالا قومی اسمبلی کا اہم اجلاس شروع ہو گیا ہے جس میں وقفہ سوالات جاری ہے۔ قائد حزب اختلاف خورشید شاہ، پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان سمیت دیگر رہنماءایوان میں پہنچ چکے ہیں جبکہ وزیراعظم نواز شریف کی ایوان آمد کا شدت سے انتظار کیا جا رہا ہے۔ اجلاس میں وزیراعظم نواز شریف کے علاوہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی جانب سے بھی آف شورکمپنیوں کی وضاحت دیئے جانے کا امکان ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق شام پانچ بجے سپیکر اسمبلی سردار ایاز صادق خان کی صدارت ہونے والے اس اجلاس میں پاناما لیکس پر بحث ہو گی۔اجلاس سے قبل وزیراعظم کی زیر صدارت ایک مشاورتی اجلاس بھی طلب کیا گیا ہے جس میں قومی اسمبلی میں اپنائی جانے والی حکمت عملی پر غور کیا جارہا ہے۔مشاورتی اجلاس میں شرکت کیلئے وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف بھی خصوصی طیارہ کے ذریعے لاہور سے اسلا م آباد پہنچے ہیں۔دوسری جانب اپوزیشن نے بھی تین بجے مشترکہ اجلاس طلب کرلیا ہے جس میں اسمبلی اجلاس میں اپنائی جانے والی حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
خیال رہے کہ اپوزیشن نے وزیراعظم نوازشریف سے پوچھنے کیلئے مشترکہ طور پر 7 سوالات ترتیب دیئے ہوئے ہیں جو وہ قبل ازیں میڈیا پر جاری کرچکے ہیں۔نجی ٹی وی کے مطابق وزیر اعظم کی جانب سے جواب نہ ملنے پر اپوزیشن کے احتجاج کا بھی امکان ہے۔پاناما لیکس کے معاملے پر ہونے والے اجلاس میں شرکت کیلئے حکومت اور اپوزیشن نے اپنی اپنی حکمت عملی تیار کرلی ہے، حکومت کی طرف سے اپنائی گئی حکمت عملی کے مطابق وزیراعظم قومی اسمبلی میں آمد پر اپوزیشن کی طرف سے پوچھے گئے سوالات سے پہلے پالیسی بیان دیں گے جس میں وہ ایوان کو بتائیں گے کہ ان کا کسی بھی آف شور کمپنی میں نام نہیں ہے اور ان کے بچوں پر پاکستان کے قوانین کا اطلاق نہیں ہوتا اس لئے انہیں اپنے بزنس کا مکمل حق حاصل ہے؎
دوسری جانب اپوزیشن نے وزیراعظم کی ایوان آمد پر احتجاج نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔اپوزیشن میں سب سے پہلے قائد حزب اختلاف خورشید شاہ اپنے کیالات کا اظہار کریں گے۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم سے قبل ایوان میں اپوزیشن اراکین اظہار خیال کریں گے جس کے بعد وزیراعظم پاناما لیکس کے معاملے پراپوزیشن کے تحفظات پر بات کریں گے۔
دوسری جانب قومی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کیلئے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان مانچسٹر سے اسلام آباد پہنچ چکے ہیں۔قبل ازیں ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم ایوان میں آ رہے ہیں تو وہ بھی ضرور آئیں گے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی بھی ایوان کو اپنی آف شور کمپنیوں سے متعلق وضاحت پیش کریں گے۔

Saturday, 14 May 2016

عالمی سطح پر خام تیل کی قیمتوں میں کمی ، عرب ممالک سے ترسیلات زر کا حجم کم ہو گیا

کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) عالمی سطح پر خام تیل کی گرتی قیمتوں کے باعث عرب ممالک نے تیل پر دی جانے والی سبسڈی کم کر دی۔ 
میڈیا رپورٹس کے مطابق عالمی سطح پر خام تیل کی قیمتیں کم ہونے سے سعودی عرب سمیت تیل ایکسپورٹ کرنے والے عرب ممالک کی آمدن متاثر ہوئی ہے جس کی وجہ سے عرب ممالک قیمتوں میں کمی کا خسارہ سبسڈی کم کر کے عوام کو منتقل کر نے لگے ہیں ۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اپریل 2016ءمیں سعودی عرب سے 48 کروڑ ڈالر موصول ہوئے جبکہ گزشتہ سال اسی ماہ میں سعودی عرب سے موصول ہونے والی رقم 51 کروڑ ڈالر تھی۔ اسی طرح متحدہ عرب امارات سے اپریل میں ترسیلات زر کا حجم 40 کروڑ ڈالر سے کم ہو کر 35 کروڑ ڈالر کے قریب آ گیا ہے جبکہ کچھ عرب ممالک ترسیلات زر پر ٹیکس عائد کرنے کا بھی سوچ رہے ہیں جن سے بیرون ملک پاکستانی کچھ فکر مند نظر آتے ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ ترسیلات زر میں اضافے کے لئے حکومت رقم ترسیل کرنے کی لاگت کم کرنے کے لئے مالیاتی ادروں کو پابند کرے۔ اس اقدام سے ہنڈی حوالہ جیسے غیر قانونی رقم ترسیل کرنے کے ذرائع کی بھی حوصلہ شکنی ہو گی اور ترسیلات زر کے حجم میں بھی اضافہ ہو گا۔

پاک فوج نے طورخم بارڈر پرخار دار تار لگانے کا کام دوبارہ شروع کردیا

لنڈی کوتل (مانیٹرنگ ڈیسک) پاک فوج کے جوانوں نے جمعہ کے روز طورخم بارڈر کھلنے کے بعد ہفتہ کو پاک ، افغان بارڈر پر افغان حکومت کے الزامات و اعتراضات کو مسترد کرتے ہوئے باڑ لگانے کا کام دوبارہ شروع کردیا ہے ۔
انگریزی اخبار ’ڈان’ کے مطا بق ذرائع کا کہنا ہے کہ انسپکٹر جنرل (آئی جی ) فرنٹیئر کانسٹیبلری (ایف سی ) میجر جنرل مظہر شاہین نے طورخم بارڈر کا دورہ کیا اور خار دار تار لگانے کے کام کا جائزہ لیا ۔ اس موقع پر آئی جی ایف سی نے پاک فوج کے جوانوں کو بارڈر کے دونوں اطراف آنے جانے والوں کے ساتھ نرمی سے پیش آنے اور مشتبہ افراد پر کڑی نظر رکھنے کی ہدایت کی ۔ انہوں نے 4 روزہ بندش کے دوران بارڈر پر مستعدی سے ڈیوٹی دینے والے بارڈر گارڈ ز کو نقد انعامات سے بھی نوازا۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ بندش ختم ہونے کے بعد لوگوں کی بڑی تعداد نے بارڈر کو کراس کیا جبکہ کھانے پینے کے سامان اور دیگر سامان سے لدی 300 سے زائد گاڑیاں افغانستان کی حدود میں داخل ہوئیں اور کوئلے اور ماربل سے لدے ہوئے متعدد ٹرک پاکستانی حدود میں داخل ہوئے ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ چار روزہ بندش کے بعد بارڈر کھلنے کے بعد افغانستان سے پاکستان میں داخل ہونے والے لوگوں کا اتنا زیادہ رش تھا کہ حال ہی میں نصب کی گئی سکیننگ مشین کو ایک لمحے کی بھی فرصت نہ ملی ۔ دوسری طرف بارڈر پر موجود ہوٹل بھی ہفتہ کو دوبارہ کھل گئے ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان نے بارڈر پر باڑ لگانے کا کام شروع کیا تو افغانستان نے شدید اعتراضات اٹھائے جس کی وجہ سے دونوں طرف شدید تناو¿ کی کیفیت رہی ۔ افغانستان نے بارڈر پر بڑی تعداد میں فوج تعینات کردی جبکہ پیش بندی کے طور پر ٹینک بھی تعینات کردیے تھے تاہم دونوں اطراف کے اعلیٰ حکام کے مذاکرات کے بعد تناو¿ ختم ہوگیا ۔

تعلیمی اداروں کی نجکاری کیخلاف اساتذہ کا احتجاج دوسرے روز بھی جاری ، مال روڈ بلاک

لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) پنجاب میں تعلیمی اداروں کی نجکاری کیخلاف اساتذہ کا دھرنا دوسرے روز بھی جاری ہے ۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق تعلیمی اداروں کی نجکاری کیخلاف اساتذہ سراپا احتجاج بن گئے اور مال روڈ کو بلاک کئے رکھا تاہم اساتذہ کا دھرنا آج دوسرے روز میں داخل ہو چکا ہے مگر ابھی تک انتظامیہ اور اساتذہ میں مذاکرات کامیاب نہیں ہو سکے ۔
دوسری جانب پنجاب ٹیچرزیونین کا کہنا ہے کہ حکومت تعلیمی اداروں کی نجکاری کا فیصلہ واپس لے ، اساتذہ کے مطالبات پورے ہونے تک احتجاج جاری رہے گا ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ تعلیمی اداروں کی نجکاری کیخلاف اساتذہ کا مال روڈ پر دھرنا 20گھنٹے سے جاری ہے اور انتظامیہ اور اساتذہ میں مذاکرات کا ایک دور ناکا م ہو چکا ہے ۔
دھرنے کے باعث مال روڈ پر ٹریفک بری طرح متاثر ہے جس سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔ دوسری جانب اساتذہ کے احتجاج کی وجہ سے سکولوں میں تعلیمی سرگرمیاں معطل ہیں جس کی وجہ سے طلباءکا تعلیمی نقصان بھی ہو رہا ہے ۔شہریوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ اساتذہ کیساتھ جلد از جلد مذاکرات کرکے مسئلے کو حل کیا جائے ۔

ہماری فوج کی کابل میں موجودگی کی وجہ پاکستان اور افغانستان میں موجود دہشت گردوں کے ٹھکانےہیں:امریکہ

واشنگٹن (مانیٹرنگ ڈیسک)امریکہ نے خطے میں دہشت گردی کے خاتمے کے لئے پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنے کے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اور افغانستان میں دہشت گردوں کے محفوظ ٹھکانوں کی وجہ سے ہماری فوج آج تک افغانستان میں موجود ہے۔
امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان جان کربی نے معمول کی پریس بریفنگ میں کہاکہ پاکستان کے ساتھ تعلقات امریکہ کے لئے بڑی اہمیت کے حامل ہیں کیونکہ ہمارے خطرات، خدشات اورخطے میں مفادات مشترکہ ہیں اور ہم ان کے حصول کے لئے مل کر کام کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اورافغانستان کو بد ستور دہشت گردی کے مشترکہ خطرے کا سامنا ہے اور اس مسئلے سے نمٹنے میں مدد دینے کے لئے امریکہ پاکستان کے ساتھ تعاون کررہا ہے۔
جان کربی کا کہنا تھا کہ پاکستان اور افغانستان دہشت گردی سے نمٹنے کیلئے رابطہ میں ہیں اور امریکا دونوں ممالک کے درمیان مذاکراتی عمل کو آگے بڑھتا دیکھنا چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکا پاکستان کےساتھ تعلقات میں کشیدگی نہیں چاہتا اور ہم طورخم بارڈر کو امدو رفت کے لیے کھلا دیکھنا چاہتے ہیں۔
جان کربی کا کہنا تھا کہ پاکستان اورافغانستان کو دہشت گرد نیٹ ورک کے خطرے کا سامناہے، دہشت گرد آج بھی دونوں ممالک کو محفوظ پناہ گاہوں کے طور پر استعمال کر رہے ہیں، دہشت گرد گروپوں کی وجہ سے ہی افغانستان میں امریکی فوج آج تک موجود ہے۔
دہشت گردی افغانستان اور پاکستان کے عوام کی مشترکہ دشمن ہے اور دونوں ملک تعاون اور باہمی رابطوں کے ساتھ اس کے خاتمے کے لئے کام کررہے ہیں اور ہم چاہتے ہیں کہ ان رابطوں اور تعاون میں تسلسل قائم رہے اور مزید بہتر ہو۔

ضلع بھر میں ملاوٹ شدہ اور مضر صحت دودھ فروخت کرنےوالوں کیخلاف کریک ڈاو¿ن،37 من دودھ ضائع

سیالکوٹ(مانیٹرنگ ڈیسک)ضلع بھر میں ملاوٹ شدہ اور مضر صحت دودھ فروخت کرنے والوں کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاو¿ن شروع کیا گیا ہے ۔ جیو نیوز کے مطابق ڈی سی او ڈاکٹر آصف طفیل نے بتایا ہے کہ ملاوٹ شدہ اور مضر صحت دودھ فروخت کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاو¿ن کرتے ہوئے 37 من ملاوٹ شدہ دودھ ضائع کردیا گیاہے۔

وزیر اعظم استعفیٰ نہیں دیں گے تو کشیدگی بڑھے گئی:افتخار چودھری

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)سابق چیف جسٹس آف پاکستان او ر جسٹس ڈیموکریٹک پارٹی کے سربراہ افتخار محمد چودھری کا کہنا ہے کہ وزیراعظم استعفیٰ نہیں دیں گے تو کشیدگی بڑھے گی۔حکومت اقتدار کو طول دینے کیلئے معاملہ لٹکا رہی ہے۔حکومت کو اپنی آئینی مدت پوری کرنی چاہئے۔نواز شریف اکثریت میں ہیں کسی کو بھی وزیراعظم بنا سکتے ہیں۔
لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کمیشن کے قیام کا مقصد معاملات کو لٹکانہ اور ان میں تاخیر کرنا ہے۔نواز شریف پر منی لانڈرنگ کے بھی الزامات ہیں۔نوازشریف وزارت عظمیٰ کسی کے حوالے کردیں۔انہوں نے کہا کہ کوئی سیاسی جماعت ملک میں بے رحمانہ احتساب نہیں چاہتی۔نہوں نے کہا نوازشریف اپنی ذات کیلئے یہ سب کررہے ہیں۔حکومت اقتدار کو طول دینے کیلئے معاملہ لٹکا رہی ہے۔

Friday, 13 May 2016

سی پیک منصوبہ پاک، چین تعلقات کا عکاس، پاکستانی حکومت اور عوام چین کے شکرگزار ہیں: وزیراعظم

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ اقتصادی راہداری منصوبہ پاکستان اور چین کےدرمیان تعلقات کا عکاس ہے، مستقبل میں یہ تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔
چینی وفد نے وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات کی جس دوران مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان اور چین مختلف شعبوں میں تعاون کر رہے ہیں اور مستقبل میں دونوں ممالک کے درمیان تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ چین کے تعاون سے پاکستان کو بڑی صنعتوں کے قیام میں مدد ملی ہے جبکہ اقتصادی راہداری منصوبہ دونوں ملکوں کے تعلقات کا عکاس ہے اور اس منصوبے پر پاکستانی حکومت اور عوام چین کے شکرگزار ہیں۔