Tuesday, 14 February 2017

مہمند ایجنسی میں صبح سویرے خود کش دھماکہ ،ایک شخص جاں بحق ،3لیوئز اہلکار وں سمیت کئی افراد زخمی

ہمند ایجنسی میں پولیٹکل آفس کے باہر ایک خود کش حملہ آور خود کواڑا لیا جس کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ3لیوئز اہلکار وں سمیت کئی افراد زخمی ہو گئے ۔
میڈ یا رپورٹس کے مطابق مہمند ایجنسی کے علاقے غلنئی میں پولیٹکل آفس کے ہیڈ کوارٹر کے مین گیٹ پر دو خود کش حملہ آوروں نے اندر گھسنے کی کوشش کی تو اس دوران لیوئز اہلکاروں کی مزاحمت پر ایک حملہ آور نے خود کو اڑا لیا جس کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق تین جبکہ3لیوئز اہلکار وں سمیت کئی افراد زخمی ہو گئے جنہیں ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے ۔بتا یا جا رہا ہے کہ دو حملہ آ ور آئے تھے جن میں سے ایک نے خود کو اڑا لیا جبکہ دوسرا فرار ہوگیا ہے۔دھماکے کے بعد سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں میں فائرنگ کا بھی تبادلہ ہوا ہے ۔سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے تاکہ خود کش حملہ آور کے ساتھ دیگر دہشت گردوں کو بھی پکڑا جا سکے

دبئی کے رہنے والوں کیلئے بڑی خوشخبری آگئی،اب نقل وحرکت کیلئے ڈرون طیاروں میں اڑیں گے

دبئی کے رہنے والوں کیلئے بڑی خوشخبری آگئی،اب نقل وحرکت کیلئے ڈرون طیاروں میں اڑیں گے۔
اس بات کا اعلان دبئی میں شاہراہوں اور مواصلات کے سربراہ میتھیو الطائر نے عالمی سربراہان حکومت کے اجلاس میں کیا، میتھیو الطائرنے کہا ہے کہ چائنا کا ماڈل ’ای ہینگ184‘ پہلے ہی آزمائشی پروازیں کامیابی سے کر چکا ہے،یہ ڈرون ایک سو کلو گرام تک وزنی ایک مسافر کے ساتھ آدھے گھنٹے تک پرواز کی صلاحیت کا حامل ہے۔
دبئی میں رواں برس سے ایسے مسافر بردار ڈرون اڑیں گے جن میں ایک مسافر کے بیٹھنے کی گنجائش ہو گی،ریاست میں مسافر بردار ڈرونز کی باقاعدہ پروازوں کا آغاز اس برس جولائی میں ہو جائے گا۔
اس ڈرون میں کنٹرول کے لیے صرف ایک ٹچ سکرین نصب ہے،محکمہِ مواصلات کی جاری کردہ ویڈیو کے مطابق اسے کمانڈ سینٹر سے خودکار پائلٹ کے ذریعے کنٹرول کیا جاتا ہے،اس کی رفتار سو میل فی گھنٹہ بتائی گئی ہے اورایک بیٹری پر یہ 30 میل کی اڑان بھر سکتا ہے۔
خبر رساں ادارے اے پی کے مطابق الطائر نے کہا کہ یہ صرف ایک ماڈل نہیں، بلکہ ہم نے اس پر بیٹھ کر دبئی کی فضاو¿ں میں اڑنے کا تجربہ کیا ہے،اس ڈرون کو جون 2016 میں امریکی ریاست نیواڈا میں بھی آزمایا جا چکا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ اسرائیل کی اربن ایروناٹکِس نے اعلان کیا تھا کہ فوجی مقاصد کے لیے تیارکردہ اس کا مسافر ڈرون، کورمورانٹ2020 میں فوج کے حوالے کیا جا سکے گا،چودہ لاکھ ڈالر کی لاگت سے بنایا جانے والا یہ ڈرون پانچ سو کلوگرام وزن کے ساتھ ایک سو پندہ میل فی گھنٹے کی رفتار سے پرواز کر سکتا ہے۔

صدر اور وزیر اعظم نے 4 سال کے دوران غیر ملکی دوروں پر کروڑوں روپے کی ٹپ دی: نجی ٹی وی کا دعویٰ

 ایک ایسا ملک جس کے کروڑوں لوگ دو وقت کی روٹی کیلئے ترس رہے ہوں  اس کے حکمرانوں کی جانب سے شاہانہ طرز عمل اپنانا باعث افسوس ہے ، لیکن ہمارے حکمران شاید سادگی کو گناہ سمجھتے ہیں اسی لیے نہ صرف غیر ملکی دوروں پر کروڑوں روپے خرچ کر دیتے ہیں بلکہ کروڑوں روپے کی ٹِپ دینا معمولی بات سمجھتے ہیں۔
نجی ٹی وی ”چینل 24 “ نے 2006 سے 2009 تک پاکستانی صدر اور وزیر اعظم کی شاہ خرچیوں کی ایک فہرست جاری کی ہے۔ فہرست میں شامل دیگر شاہ خرچیاں تو ایک طرف ہمارے حکمرانوں نے ان 4 سالوں کے دوران صرف ٹِپ کی مد میں کروڑوں روپے خرچ کردیے۔
فہرست میں بتایا گیا ہے کہ ان چار سالوں کے دوران مختلف غیر ملکی دوروں پر ایک لاکھ 1 ہزار 4 سو ڈالر اور 3 ہزار پاﺅنڈ ٹپ دی گئی جبکہ صرف انقرہ میں 4 روزہ دورے پر 7 ہزار ڈالر ٹپ دی گئی۔

کیاحدیقہ کیانی برطانیہ میں کوکین سمگل کرتی پکڑی گئیں؟اصل حقیقت سامنے آ گئی

پاکستان کی انتہائی معروف پاپ گلوکارہ حدیقہ کیانی کی اس وقت حیرانگی کی انتہا نہ رہی جب انہوں نے اپنے بارے میں خبر پڑھی کہ ”وہ لندن سے کوکین سمگل کرتی ہوئیں رنگے ہاتھوں گرفتار ہو گئیں ہیں“جو کہ دراصل ایک غلط اور بے بنیاد خبر تھی جسے ایک نجی انگریزی اخبار نے شائع کیا تھا ۔
تفصیلات کے مطابق نجی انگریزی اخبار کی جانب سے خبر شائع کی گئی کہ پاپ سنگر حدیقہ کیانی لندن کے ہیتھرو ایئرپورٹ پر ’دو کلو کوکین سمگل کرنے کی کوشش کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑی گئیں جو کہ انہوں نے کافی کے بیگز میں چھپائی ہوئی تھی ‘۔جب یہ خبر حدیقہ کیانی نے دیکھی تو وہ حیران پریشان رہ گئیں اور فوری ٹویٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے اس بے بنیاد خبر کے بارے میں اپنے مداحوں کو آگاہ کیا ۔انہوں نے کہا کہ وہ اس وقت بخیریت لاہور میں موجود ہیں اور اپنے بھانجے کی سالگرہ منا رہی ،یہ خبر جھوٹی اور بے بنیاد ہے ۔ٹویٹر پر اپنے پیغام کے ساتھ انہوں نے اپنی والدہ اور بھانجے کے ساتھ تصویر بھی شیئر کی ۔

پی ایس ایل کے فائنل میچ کو شیڈول کے مطابق یقینی بنایا جائے گا:جنرل قمر جاوید باجوہ


آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے نے کہاہے کہ مال روڈ پر دھماکہ پی ایس ایل کا فائنل سبوتاژکرنے کے لئے کیا گیا لیکن پاک فوج فائنل میچ لاہور میں کروانے کے لئے بھر پور مدد کرے گی،میچ کو شیڈول کے مطابق یقینی بنایا جائے گا۔
پاک فوج کے ادارہ تعلقا ت عامہ (آئی ایس پی آر ) کے مطابق آرمی چیف کی زیر صدارت کور ہیڈ کوارٹرز لاہور میں سیکیورٹی سے متعلق اجلاس جس دوران انہوں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم بحیثیت قوم اس غیرانسانی بہیمانہ ذہنیت کو شکست دیں گے، پاک فوج پی ایس ایل فائنل کے لاہور میں انعقاد کے لیے ہر قسم کی مدد دے گی، دہشتگردوں کے ماسٹرز، فنانسرز،منصوبہ سازوں ، سہولت کاروں کاخاتمہ کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردوں کے سہولت کار اور منصوبہ ساز جہاں ہیں پکڑیں گے،ہر قسم کے دہشتگردوں کے خلاف آپریشن کیا جائے گا.

انہوں نے کہا کہ گزشتہ رات کچھ افغانوں سمیت اہم گرفتاریاں کی گئیں، سالہا سال سے حاصل کی گئی کامیابیوں کو ضائع نہیں ہونے دیں گے۔آئی ایس پی آر کا کہناتھا کہ آرمی چیف نے سروس ہسپتال میں زخمیوں کی عیادت کی۔

لاہور میں دھماکہ ،فیس بک نے سیفٹی چیک جاری کردیا ،لوگ اپنے پیاروں کی خیریت دریافت کرتے رہے

صوبائی دارالحکومت لاہور میں گزشتہ روز دھماکے نے 13افراد کی جان لے لی جبکہ 80سے زائد زخمیوں کو مختلف ہسپتالوں میں طبی امداد دی جا رہی ہے ۔دھماکے کے بعد امدادی ٹیموں اور شہریوں نے موقع پر پہنچ کر اپنی مدد آپ کے تحت زخمی افراد کو ہسپتال پہنچانے کا سلسلہ شروع کیا ۔جہاں ایک طرف بہادر لاہوریوں نے اپنے زخمی بھائیوں کو فوری طور پر ہسپتال پہنچانے کے لیے امدادی سرگرمیاں شروع کیں تو وہاں ہی فیس بک نے بھی لاہور کے رہائشیوں کی مدد کے لیے سیفٹی چیک جاری کردیا جس کو استعمال کرتے ہوئے لوگوں نے اپنے پیاروں کو اپنی خیریت سے آگاہ کیا ۔لوگوں نے فیس بک پر ”i am safe“اور ”not in the area“ کے بٹن پر کلک کر کے اپنی خیر و عافیت سے اپنے پیاروں کو آگاہ کیا ۔واضح رہے کہ فیس بک کا یہ سیکیورٹی چیک گلشن اقبال پارک میں دھماکے کے دوران بھی استعمال کیا گیا تھا جس کی مدد سے لوگوں کو ا ن کے پیاروں کی خبر مل گئی تھی ۔

پاکستان سپر لیگ کا فائنل لاہور میں ضرور ہو گا : زعیم قادری

صوبائی وزیر پنجاب زعیم حسین قادری نے کہا ہے کہ پوری قوم دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کیلئے پرعزم ہے ۔ دہشت گردوں نے پاکستان کے دل پر حملہ کر کے قوم کو سوگوار کیا تاہم پاکستان سپر لیگ کا فائنل لاہور میں ضرور ہو گا ۔

نیو نیوز کے مطابق لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پولیس افسران اور جوانوں نے اپنی جان دیکر لوگوں کی حفاظت کی تاہم حکومت شہداءکے لواحقین کا نقصان پورا نہیں کرسکتی ۔سانحہ پر سیاست نہ کی جائے بلکہ دہشت گردوں سے مل کر نمٹنا ہو گا ۔
ان کا کہنا تھا کہ لاہور میں سال بعد دہشتگردی کا واقعہ ہوا ہے ، عسکری اداروں اور قانون نافذ کرنے والے محکموں نے پنجاب میں دہشت گردی کے خلاف سینکڑوں آپریشن کیے ۔جن ہسپتالوں میں مریض لائے گئے ہیں وہاں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے اور علاج معالجے کے حوالے سے کسی مریض نے کوئی شکایت نہیں کی ۔

ویلنٹائن ڈے : اسلام آباد میں پھول اور سرخ غبارے فروخت کرنے والو ں کو گرفتار کرنے کا حکم

 وفاقی دارالحکومت میں ویلنٹائن ڈے پر پھول اور سرخ غبارے بیچنے والوں کی  گرفتاری کا حکم دیدیا گیا ۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق پولیس حکام نے وفاقی دارالحکومت میں دکانوں اور سڑکوںپر ویلنٹائن ڈے کی مناسبت سے پھول اور سرخ غبارے فروخت کرنے والوں کو فوری گرفتار کر نے کا حکم دیدیا ہے جس پر عملدرآمد کیلئے پولیس کی ٹیمیں مختلف علاقوں میں روانہ کر دی گئی ہیں ۔

دہشتگردی ہو سکتی ہے راستہ کھول دو‘کیپٹن مبین کے وہ الفاظ جو سچ ثابت ہوگئے

 پنجاب اسمبلی کے سامنے ڈرگ ایکٹ کے خلاف احتجاج کرنیوالے مظاہرین سے مذاکرات کے موقع پر شہید ڈی آئی جی ٹریفک کیپٹن (ر) مبین بار بار مظاہرین کو یہ کہتے رہے کہ سڑک کو ٹریفک کیلئے کھول دیا جائے کیونکہ رش کی وجہ سے دہشت گردی ہو سکتی ہے ، لاہور میں دہشت گردی کے خطرات موجود ہیں، شہید ڈی آئی جی ٹریفک کیپٹن (ر) مبین کا یہ خدشہ درست نکلا اور کچھ دیر بعد ہی دہشت گردی ہو گئی۔
تفصیلات کے مطابق شہید افسرمبین کی بات کسی نے نہ سنی، کچھ ہی دیر بعد دھماکہ ہو گیا اور وہ خودبھی زد میں آگئے ،ڈی آئی جی ٹریفک کیپٹن (ر) سید احمد مبین نے ٹریفک پولیس کے افسروں کی میٹنگ کیلئے شام سات بجے قربان لائنز جانا تھا لیکن موت نے انہیں مہلت نہ دی ۔وہ خود چیئرنگ کراس پررک گئے اور ٹریفک بحال کراتے ہوئے خودکش دھماکے میں چل بسے۔خود کش حملہ میں شہید ہونیوالے ڈی آئی جی ٹریفک کیپٹن (ر) سید احمد مبین نے آخری آرڈر ٹریفک وارڈن محسن عباس کو دیا۔ احمد مبین نے محسن عباس کو کہا کہ لو ہے کی خاردار تار سڑک سے خود ہٹاﺅتا کہ ٹریفک بحال ہو جائے، اس لیے ٹریفک وارڈن کیپٹن مبین کے حکم پر تار ہٹانے چلا گیا اور وہ موت کے منہ میں جانے سے بچ گیا لیکن وہ زخمی ہو گیا۔

پاکستانیوں کے لیے ایک اور خوشخبر ی آگئی ،کوہاٹ سے تیل اور گیس کا ذخیرہ برآمد

خیبر پختونخواہ ضلع کوہاٹ سے پاکستانیوں کے لیے بڑی خوشخبری آگئی ،گیس اور تیل کا ایک اور ذخیرہ دریافت کر لیا گیا ۔ پاکستان آئل فیلڈز نے ٹل کے مقام پر تیل و گیس کا نیا ذخیرہ دریافت کر لیا ہے۔نجی نیوز چینل دنیا نیوز کے مطابق پاکستان آئل فیلڈز کے جاری اعلامیہ کے مطابق کمپنی نے خیبرپختونخوا کے ڈسٹرک کوہاٹ میں ٹل کے مقام پر تیل وگیس کا نیا ذخیرہ دریافت کر لیا ہے۔ ابتدائی نتائج کے مطابق ذخیرے سے یومیہ 195 بیرل تیل جبکہ5.6 ایم ایم سی ایف ڈی گیس نکل رہی ہے۔
ماہرین کے مطابق پاکستان میں توانائی بحران پر قابو پانے کے لئے جہاں تیل و گیس درآمد کی جاری ہے وہاں اس قسم کی دریافت سے تیل وگیس کی طلب کو پورا کرنے میں کچھ مدد ضرور ملے گی۔