Thursday, 16 February 2017

لعل شہباز قلندر کامزار خون سے لال ، درگاہ پر قیامت صغریٰ کا منظر،خود کش حملے میں 40 سے زائد افراد شہید ،100 سے زائد زخمی

سیہون شریف میں لعل شہباز قلندر کی درگاہ کے احاطے میں دھماکہ ہو اہے جس کے باعث40 سے زائد  افراد شہید ہو گئے ہیں جبکہ 100 افراد زخمی ہوئے ہیں جن میں بچے اور خواتین بھی شامل ہیں ،ابتدائی طور پر دھماکے کو خود کش قرار دیا جارہاہے،دھماکہ اس وقت ہوا جب دھمال جاری تھی،جس کے باعث شہادتوں کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ہے۔آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے فوج کو امدادی کارروائیوں کا حکم جاری کر دیاہے۔
تفصیلات کے مطابق ذرائع کا کہناہے کہ دھماکہ درگارہ کے احاطے کے اندر ہواہے جس کے باعث30 افراد شہید ہو گئے ہیں جبکہ 100 سے زائد زخمی ہیں تاہم دیگر شہروں سے بھی ریسکیو ٹیموں کو طلب کر لیا گیاکیونکہ موقع پر موجود ایمبولینسز اور ریسکیو ٹیموں کی تعداد کم پڑ گئی ۔ لوگوں نے اپنی مدد آپ کے تحت زخمیوں کو تالکہ ہسپتال میں منتقل کر رہے ہیں ۔آج جمعرات کا روز ہے جس کے باعث درگارہ پر معمول سے ہٹ کر زیادہ رش زیادہ ہو تاہے اور ملک کے دیگر علاقوں سے حاضرین درگاہ پر ا?تے ہیں اور نظر نیاز کرتے ہیں۔ذرائع کا کہناہے کہ دھماکے کے باعث درگاہ پر بھگدرڑ مچ گئی جس کے باعث بھی کئی افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔
ذرائع کا کہناہے کہ بڑا ہسپتال 2گھنٹے کی مسافت پر نواب شاہ میں ہے،ابھی تک ریسکیو ٹیمیں نہیں پہنچی ہے،سیہون شریف کا اپنا ہسپتال بھی نہیں ہے،عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ سکیورٹی کا انتظام بالکل نہیں تھا، زخمی مزار کے احاطے میں تڑپ رہے ہیں کوئی اٹھانے والا بھی نہیں، زخمیوں میں بچے اور بوڑھے اور خواتین شامل ہیں،ابھی تک ایمبو لینسز بھی نہیں پہنچی ہیں۔

شاہ نورانی کے دربار پر دھماکہ ہواتھا جس کے بعد درگاہوں پر سیکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی تھی لیکن ایک بار پھر افسوسناک خبر آ گئی ہے۔واضح رہے کہ پانچ روز میں یہ 7واں دھماکہ ہے ،دو روز قبل لاہور مال روڈ پر دھماکے میں 13افراد شہید ہو گئے تھے ۔
سجادہ نشین مہدی شاہ کا کہنا ہے کہ درگاہ پر سکیورٹی کے لیے صرف 2پولیس اہلکار تعینات تھے،لاشیں اور زخمی بکھرے پڑے ہیں،اٹھانے میں مشکلات درپیش ہیں۔سجادہ نشین مہدی شاہ کا کہنا تھا کہ درگاہ پر سکیورٹی کے لیے صرف 2پولیس اہلکار تعینات تھے،کافی مشکلات ہیں ،جمعرات کا روز ہونے کے باعث بہت رش تھا۔

مقبوضہ کشمیر میں پاکستانی پرچم لہرانے والوں کودشمن سمجھا جائے گا،بھارتی آرمی چیف

بھارت کی فوج کے سربراہ جنرل بپن راوت نے کہا ہے کہ سیکیورٹی آپریشنز میں رکاوٹ بننے والوں،حریت پسندوں کی مدد کرنے والوں اور وادی میں پاکستان کے پرچم لہرانے والوں کو بھارت دشمن سمجھا جائے گا۔نئی دلی میں صحافیوں سے گفتگو میں بھارتی فوجی سربراہ نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں جاری فوجی کارروائیوں میں ناکامی کی بڑی وجہ مقامی آبادی کا عدم تعاون ہے۔
انہوں نے اعتراف کیا کہ مقامی لوگ کشمیری حریت پسندوں کو چھپنے میں مدد دے رہے ہیں۔جنرل بپن راوت نے کہا کہ بھارت کے خلاف مقامی نوجوانوں نے ہتھیار اٹھائے ہیں۔یہ نوجوان سوشل میڈیا پر بھارت مخالف مہم سے متاثر ہوکر کارروائیاں کررہے ہیں۔ ایسے عناصر کو دیہی علاقوں تک محدود کردیا گیا ہے لیکن مقامی آبادی ان کے خلاف کارروائیوں میں رکاوٹ بن رہی ہے۔بھارتی فوجی سربراہ نے صحافیوں کو بتایا کہ سیکیورٹی آپریشنز میں رکاوٹ بننے والوں، حریت پسندوں کی مدد کرنے والوں اور وادی میں پاکستان کے پرچم لہرانے والوں کو بھارت دشمن سمجھا جائے گا۔ایسے عناصر کے خلاف سخت اقدامات کیے جائیں گے۔

پاکستان کے لیے بڑی خوشخبر ی ،پاک فضائیہ میں 16 جے ایف 17تھنڈر طیارے شامل

اکستان اور چین کے اشتراک سے تیار کیے گئے 16 جے ایف 17تھنڈر طیارے پاک فضائیہ میں شامل ہو گئے جس سے پاکستان کا دفاع مزید مضبوط ہو گیاہے۔

کامرہ ائیر بیس میں طیاروں کی شمولیت کے حوالے سے ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف اور ائیر چیف مارشل سہیل امان سمیت کئی سول اور عسکری حکام نے شرکت کی ۔اس موقع پر 16سے زائد جے ایف 17تھنڈر طیارے پاک فضائیہ میں شامل کیے گئے ۔پاک فضائیہ کے پاس بلاک ون اور بلاک ٹو طیاروں کی مجموعی تعداد 70ے زائد ہے ۔واضح رہے کہ پاکستان نے چین کے اشتراک سے جے ایف 17تھنڈر طیارے تیار کیے جو کہ دونو ں ممالک کے درمیان لازوال دوستی کی علامت ہے ۔اس موقع پروزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا  کہ پاک فضائیہ جرات اور بہادری کی علامت ہے ،جے ایف 17 تھنڈر طیاروں کی شمولیت پاک فضائیہ کیلئے تاریخی اہمیت کی حامل ہے

پاناما کیس کی سماعت21 فروری تک ملتوی ، نیب اور ایف بی آر کے سربراہ ذاتی طورپر سپریم کورٹ میں طلب

 سپریم کورٹ نے پاناما کیس کے حوالے سے چیئرمین نیب اور چیئرمین ایف بی آر کو ذاتی طور پرطلب کرتے ہوئے سماعت 211فروری (منگل) تک ملتوی کر دی ۔عدالت نے ریمارکس دیے کہ اگلی سماعت پر چیئرمین نیب اور پراسیکیوٹر حدیبیہ پیپر مل اور منی لانڈرنگ کس کا مکمل جائزہ لیکر عدالت آئیں ۔”چیئرمین نیب اور ایف بی آر آئندہ سماعت پر عدالت میں موجود ہوں “۔جسٹس آصف سعید کھوسہ نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ معاملے پر نیب سے سوالات کریں گے ۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق سپریم کورٹ میں پاناما کیس کی سماعت کے آغاز میں حسن اور حسین نواز کے وکیل نے منروا کیساتھ سروسز کا ریکارڈ عدالت میں جمع کر اتے ہوئے موقف اپنایا کہ تمام دستاویزات گزشہ رات لندن سے منگوائی ہیںاور منروا کمپنی کو ادائیگیوں کی تفصیلات بھی عدالت میں پیش کر دیں ،5رکنی بینچ کے سربراہ جسٹس آصف سعید کھوسہ نے وکیل سلمان اکرم راجہ سے استفسار کیا کہ حسن اور حسین نواز نے کب اور کتنے جوابات جمع کرائے ۔جسٹس عظمت سعید شیخ نے ریمارکس دیے کہ ہمارا وقت ضائع کیا جا رہا ہے ایک چونی کا کام نہیں ہوا۔
 جسٹس عظمت سعید شیخ نے سلمان اکرم راجہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ سوال یہ ہے نیلسن اور نیسکول کا ڈائریکٹر کون تھا ؟جو دستاویزات آپ دیکھا رہے ہیں وہ آف شور کمپنیوں کے ڈائریکٹرز کے نام ہیں ، دستاویزات سے ثابت کریں کہ حسین نواز کمپنیاں چلا رہے تھے۔
جسٹس آصف سعید کھوسہ نے ریمارکس دیے کہ جولائی 2006ءمیں بیریئر سرٹیفکیٹ کی منسوخی کیلئے حسین نواز گئے یا مریم نواز ؟ حسین نواز نے سرٹیفکیٹ منسوخ کرائے یا مریم نے اس سے فرق نہیں پڑتا ۔ہم یہاں شواہد ریکارڈ نہیں کر رہے ، مقدمے کی نوعیت کیاہے اس کا فیصلہ آخر میں کریں گے، آپ کہتے ہیں ہمیں سارا سرمایہ قطری نے دیا ، کیس میں دو باتیں ہو سکتی ہیں یا ہم قطری والا موقف تسلیم کریں یا نہ کریں۔ جسٹس اعجاز افضل نے وکیل سلمان اکرم راجہ سے استفسار کیا کہ یہ دستاویز آخر آئی کہاں سے ؟حسین نواز کے پاس اتنی مہنگی جائیداد لینے کیلئے سرمایہ نہیں تھا ، ان کے پاس لندن میں مہنگی جائیدادوں کیلئے سرمایہ کاری کہاں سے آئی جس پر وکیل نے جواب دیا کہ جائیداد قطری سامایہ کاری کے بدلے حسین نواز کو ملی، لگتا ہے موزیک والی دستاویزات فراڈ کر کے تیار کی گئیں ، دستاویز کون کہاں سے لایا کچھ علم نہیں تاہم مریم کے بینی فشل مالک ہونے کی جعلی دستاویز عدالت میں جمع کروائی گئی ۔ جسٹس عظمت سعید شیخ نے ریمارکس دیے کہ اگر ہم تقاریر کو نظر انداز کر تے ہیں تو قصور وار ہوتے ہیں ،ججز آتے جاتے رہتے ہیں ، بات اصولوں کی ہے جو ہمیشہ رہتے ہیں۔ جسٹس اعجاز افضل نے کہا کہ کمیشن بنا سکتے ہیں یا تحقیقات کیلئے متعلقہ اداروں کو معاملہ بھیج سکتے ہیں ، لیکن کہا جاتا ہے کہ ادارے کام نہیں کرتے تو پھر اب ہم کیا کریں ۔جسٹس آصف سعید کھوسہ نے ریمارکس دیے کہ راجا صاحب کیا دستاویزات نہ دینا آپ کی حکمت عملی ہے؟ کیا سپریم کورٹ خود سے کمیشن تشکیل دے کر انکوائری نہیں کر سکتی ؟ تو انہوں نے جواب دیا کہ ایسی کوئی حکمت عملی نہیں ہے ۔

حسن اور حسین نواز کے وکیل نے عدالت کوبتایا کہ فروری 2006ءسے جولائی 2006ءتک مریم نواز بطور ٹرسٹی شیئر ہولڈر رہیں اور جولائی میں منروا کمپنی کے نام رجسٹرڈ شیئرز جاری ہوئے تاہم منرواکمپنی نے نیلسن اور نیسکول کے اپنے ڈائریکٹرز دیے اور 2014ءمیں شیئرز منروا سے ٹرسٹی سروسز کو منتقل ہو گئے ،بیریئر سرٹیفکیٹس کی منسوخی سے مریم نواز کی بطور شیئرز ہولڈرز حیثیت ختم ہو گئی تاہم مریم نے بیریئر سرٹیفکیٹ بطور ٹرسٹی اپنے پاس رکھے جس پر جسٹس اعجاز افضل نے استفسار کیا کہ شیئرز ٹرانسفر ہونے سے ٹرسٹ ڈیڈ ختم ہو گئی ؟
سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ اگر مریم نواز زیر کفالت ثابت بھی ہوں تب بھی فلیٹس کی ملکیت ثابت نہیں ہوتیں ، عدالت نے ریمارکس دیے کہ حسین نواز کے پاس لندن میں مہنگی جائیدادوں کیلئے سرمایہ کاری کوبھی دیکھنا ہے ، مریم اگر حسین نواز کے نمائندے کے طور پر کام کرتی تھیں تو اس دستاویز کو بھی دیکھنا ہے ۔ایرنیا کمپنی کی جانب سے معاہدہ کیا اور فیصل ٹوانہ کو بطور نمائندہ مقرر کیا تھا جو حسین نواز کی جا نب سے منروا کمپنی سے ڈیل کرتے تھے ۔

Wednesday, 15 February 2017

لاہوردھماکے میں پولیس اہلکاروں کی شہادت، وزیراعلیٰ کی سوگوارخاندانوں سے تعزیت،ایک ایک کروڑ روپے کے چیک دیدیئے، لواحقین کو باقاعدگی سے تنخواہ، ایک بیوہ کو نوکری دینے کااعلان

وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف لاہورمیں ہونے والے دھماکے میں شہید ہیڈ کانسٹیبل عصمت علی کے گھر ساہیوال ، شہید کانسٹیبل محمد ندیم کی رہائش گاہ رینالہ خورد،دیپالپور کے نواحی گاؤں میں شہید کانسٹیبل عرفان محمود اور قصور کے علاقے راجہ جنگ کے نواحی گاؤں میں شہید کانسٹیبل اسلمکی رہائشگاہ پر گئے۔ وزیراعلیٰ نے شہداء کی بیوگان، بچوں،والدین اوردیگر اہل خانہ سے ملاقات کی اوران سے ہمدردی اورتعزیت کااظہار کیا ۔وزیراعلیٰ نے شہداء کے درجات کی بلندی کیلئے فاتحہ خوانی کی اورشہداء کے لواحقین کو ایک ایک کروڑ روپے کی مالی اعانت کے چیک دےئے۔وزیراعلیٰ نے شہداء کے خاندانوں کی دیکھ بھال کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت شہداء کے بچوں کے تعلیم اورعلاج معالجے کے اخراجات برداشت کرے گی اورشہید ہونے والے پولیس کے بہادر سپاہیوں کے خاندانوں کوباقاعدگی سے تنخواہ ملتی رہے گی۔وزیراعلیٰ نے ساہیوال میں شہیدہیڈ کانسٹیبل عصمت علی کی بیوہ، بچوں اور دیگر اہل خانہ سے ملاقات کے دوران مالی معاونت کیلئے شہید کی بیوہ کو ایک کروڑ روپے کا چیک دیا اور کہا کہ شہید کے بچوں کی دیکھ بھال کی ذمہ داری حکومت کی ہے اور یہ ذمہ داری پوری کریں گے۔پنجاب حکومت شہید کے بچوں کے تعلیمی اور علاج معالجے کے اخراجات برداشت کرے گی۔ وزیراعلیٰ نے انسپکٹر جنرل پولیس کو ہدایت کی کہ شہید کی بیوہ اور بچوں کو تنخواہ بدستور جاری رکھی جائے اور شہید کے خاندان کی دیکھ بھال کیلئے پولیس افسران ان سے رابطے میں رہیں۔ وزیراعلیٰ نے شہید کے لواحقین سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عصمت علی نے شہادت کا عظیم رتبہ پایا ہے اور ہمارا ایمان ہے کہ شہید زندہ ہوتے ہیں۔شہادت جیسے عظیم رتبے کا کوئی مول نہیں۔شہید کی موت قوم کی حیات ہے اور دنیا کی کوئی دولت شہداء کا بدل نہیں ہوسکتی۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں سے قوم بدلہ لے گی۔اللہ تعالیٰ ان سفاک درندوں کو دنیا میں بھی رسوا کرے گا اور اگلے جہاں میں بھی۔؂
وزیراعلیٰ شہید ہیڈکانسٹیبل عصمت علی کی قبر پر بھی گئے اور فاتحہ خوانی کی۔ انسپکٹر جنرل پولیس نے اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ شہید عصمت علی کے خاندان کا ہر طرح سے خیال رکھیں گے اور وزیراعلیٰ کی ہدایت کے مطابق شہید کے خاندان کو باقاعدگی سے تنخواہ ملتی رہے گی۔لاہور دھماکے میں شہید ہونے والے 44 سالہ ہیڈکانسٹیبل عصمت علی نے پسماندگان میں بیوہ، ایک بیٹا اور 3 بیٹیاں چھوڑی ہیں۔بعدازاں وزیراعلیٰ نے رینالہ خورد میں شہیدکانسٹیبل محمد ندیم کی بیوہ، بچوں اور دیگر اہل خانہ سے ملاقات کی اور سوگوار خاندان سے دکھ اور افسوس کا اظہارکیا۔وزیراعلیٰ نے شہیدمحمد ندیم کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کی۔وزیراعلیٰ نے شہید کے لواحقین سے گفتگو کرتے ہوئے کہا پولیس کے شہداء پوری قوم کے ہیرو ہیں اور وزیراعظم محمد نوازشریف نے مجھے خصوصی طور پر کہا ہے کہ آپ سے تعزیت کروں اور ان کا پیغام آپ تک پہنچاؤں کہ شہید قوم کے محسن ہیں۔وزیراعلیٰ نے شہید کے اہل خانہ کو مالی اعانت کا چیک دیااورکہا کہ پنجاب حکومت شہید کے بچوں کی تعلیم اور علاج معالجے کے اخراجات اٹھائے گی اورشہید کے اہل خانہ کو تنخواہ باقاعدگی سے جاری رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ آپ کے پیاروں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ ہم یہ جنگ آخری دہشت گرد کے خاتمے تک لڑیں گے اور انشاء اللہ اس واقعہ میں ملوث ایک ایک فرد کی نشاندہی ہوگی اور وہ اپنے کیفرکردار تک پہنچے گا۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف یہ جنگ پوری قوم کی جنگ ہے۔قوم ان دہشت گردوں سے اپنے خون کے ایک ایک قطرے کا حساب اور اپنے ایک ایک شہید اور زخمی کا انتقام اور بدلہ لے گی۔
وزیراعلیٰ نے دیپالپور کے نواحی گاؤں میں شہیدکانسٹیبل عرفان محمود کے غمزدہ اہل خانہ سے ملاقات کے دوران سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہارکیا اورشہیدکے لواحقین سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شہید ہونیوالے پولیس کے بہادر افسروں اور اہلکاروں نے فرض شناسی کی اعلی مثالیں قائم کی ہیں۔انہوں نے کہا کہ قوم ان عظیم قربانیوں کو کبھی نہیں بھولے گی اورپوری قوم شہداء کو سلام پیش کرتی ہے ۔ شہداء کا لہو رائیگاں نہیں جائے گا۔انہوں نے کہاکہ اس قیمتی خون کے ایک ایک قطرے کا حساب لیں گے اورسفاک درندے اپنے عبرتناک انجام سے نہیں بچ پائیں گے ۔انہوں نے کہا کہ شہید عرفان محمود کے خاندان کی ہر ممکن دیکھ بھال کریں گے اورشہید عرفان محمود کے اہل خانہ کو تنخواہ باقاعدگی سے ہر ماہ ملے گی۔وزیراعلیٰ نے شہید عرفان محمود کے اہل خانہ کو مالی امداد کا چیک بھی دیا۔وزیراعلیٰ نے علاقے کے ہائی سکول کو شہید کانسٹیبل عرفان محمود کے نام منسوب کرنے کا اعلان بھی کیا۔وزیراعلیٰ نے قصور کے علاقے راجہ جنگ میں شہیدکانسٹیبل اسلم کی بیوہ اوراہل خانہ سے ملاقات کے دوران سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہارکیا۔وزیراعلیٰ نے شہیداسلم کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کی۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شہداء کے بچوں اوراہل خانہ کی دیکھ بھال میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں گے۔وزیراعلیٰ نے شہید کانسٹیبل اسلم کی انگلش ادب میں ماسٹر کی ڈگری رکھنے والی بیوہ کو گریڈ 14میں ملازمت دینے کا اعلان کیا اور شہید کانسٹیبل اسلم کی بیوہ کو ایک کروڑ روپے کی مالی امداد کا چیک دیا ۔ شہداء کے ورثا نے وزیراعلیٰ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں اپنے بچوں کی عظیم قربانیوں پر فخر ہے ۔شہید ہونے والے ہمارا افتخار ہیں۔انہوں نے کہا کہ ملک و قوم کو دہشت گردی کے ناسور سے نجات دلانے کیلئے ہم بھی ہر طرح کی قربانی دینے کیلئے تیار ہیں ۔ہمارے حوصلے پست نہیں ہوئے بلکہ پہلے سے زیادہ بلند ہیں ۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ شہداء کے ورثا کا عزم اورحوصلہ دیکھ کرمیرا خون بڑھ گیا ہے ۔قوم اسی عزم اورحوصلے سے دہشت گردی کے ناسور کا خاتمہ کر ے گی۔انسپکٹر جنرل پولیس بھی اس موقع پر موجود تھے ۔

تیسری عالمی جنگ کا آغاز؟ روس نے امریکہ کے ساتھ فوجی معاہدہ توڑدیا،ا یسی جگہ پر میزائل نصب کردئیے کہ صورتحال انتہائی سنگین ہوگئی

امریکا اور روس کے درمیا ن تعلقات میں اونچ نیچ تو ہمیشہ ہوتی رہی ہے لیکن حال ہی میں روس نے ایک انتہائی متنازعہ میزائل نصب کر کے امریکا کے ساتھ کیا گیا کئی دہائیاں پرانا فوجی معاہدہ توڑ دیا ہے، جس کے بعد دونوں ممالک کے درمیان متوقع جنگ کو روکنے کی رہی سہی امید بھی ختم ہو گئی ہے۔ 
نیویارک ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق امریکی حکام کا کہنا ہے کہ روس نے بالآخر خفیہ طور پر وہ کروز میزائل نصب کر دیا ہے، جس کی تیاری امریکا کے ساتھ کئے گئے فوجی معاہدے کی کھلی خلاف ورزی تھی۔ دفاعی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ روس کی جانب سے میزائل کی خفیہ تنصیب نئے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی خارجہ پالیسی کے لئے ایک بڑا امتحان بن گئی ہے۔ ڈونلڈ ٹرمپ کے لئے اسے ایک بڑا سفارتی چیلنج قرار دیا جارہا ہے کیونکہ وہ روسی صدر ولادی میر پیوٹن کے ساتھ حالات بہتر کرنے کے عزم کا اظہار کرچکے ہیں۔
روسی میزائل کی تنصیب کا انکشاف ایک ایسے وقت پر سامنے آیا کہ جب چند گھنٹے پہلے ہی ڈونلڈ ٹرمپ کے نیشنل سکیورٹی ایڈوائزر مائیکل فلن اپنے عہدے سے استعفیٰ دے چکے تھے۔ انہیں یہ استعفیٰ اس انکشاف کے بعد دینا پڑا کہ انہوں نے روس کے ساتھ اپنے رابطوں کے بارے میں نائب صدر مائیک پینس کو گمراہ کیا تھا۔ 
اس سے پہلے 2014ءمیں سابق امریکی صدر باراک اوباما کی انتظامیہ نے پہلی بار یہ دعویٰ کیا تھا کہ روس نے دونوں ممالک کے درمیان 1987ءمیں ہونے والے فوجی معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے نئی قسم کے کروز میزائل کا تجربہ کیا تھا۔ دفاعی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ امریکا کی شدید مخالفت کی وجہ سے اب تک روس نے اس میزائل کی تنصیب نہیں کی تھی، البتہ حالیہ مہینوں میں تیزی سے بڑھتی کشیدگی کے پیش نظر یہ خطرناک قدم بھی اٹھا لیا ہے۔

افغان حکومت جماعت الاحرار کے خلاف کارروائی کرے ،افغان نائب سفیر کی دفتر خارجہ طلبی ، دہشت گردوں ،سہولت کاروں اور محفوظ پناہ گاہوں کے خلاف کارروائی نہ کرنے پر پاکستان کا شدید احتجاج شدید احتجاج

پاکستان نے ملک میں دہشت گردی کے لیے افغان سرزمین استعمال ہونے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے افغانستان حکومت سے کالعدم جماعت الاحرار کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے ، نائب افغان سفیر کی دفتر خارجہ میں طلبی ،افغانستان میں دہشت گردوں ،ان کے سہولت کاروں اور محفوظ پناہ گاہوں کے خلاف کارروائی نہ کرنے پر شدید احتجاج کیا ہے۔

نجی ٹی وی چینل ’’جیو نیوز ‘‘ کے مطابق دفتر خارجہ میں نائب افغان سفیر کو طلب کر کے کالعدم دہشت گرد تنظیم جماعت الاحرار کی پاکستان میں دہشت گردی کی کارروائیوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے انٹیلی جنس شیئرنگ کے باوجود افغانستان میں دہشت گردوں ،ان کے سہولت کاروں اور محفوظ پناہ گاہوں کے خلاف کارروائی نہ کرنے پر افغان حکومت سے شدید احتجاج کیا ہے۔
دوسری طرف نجی چینل ’’ڈان نیوز ‘‘ کے مطابق وزارت برائے خارجہ امور کی ایڈیشنل سیکرٹری تسنیم اسلم نے اسلام آباد میں تعینات افغان ڈپٹی ہیڈ آف مشن سید عبدالناصر یوسفی سے ملاقات کی اور افغانستان میں سرگرم تنظیموں کی جانب سے پاکستان پر حملے کا معاملہ اٹھایا،ملاقات میں تسنیم اسلم نے افغانستان کی سرزمین پاکستان میں دہشت گردی کے لیے استعمال ہونے پر تشویش کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو اپنی سرزمین پر دہشت گرد تنظیم کالعدم جماعت الاحرار کی کارروائیوں پر تشویش ہے جو کہ افغانستان میں موجود اپنی پناہ گاہوں سے آپریٹ کررہی ہے۔تسنیم اسلم نے عبدالناصر یوسفی کو مطلع کیا کہ افغان حکام کو پہلے بھی قابل عمل انٹیلی جنس اطلاعات فراہم کی گئی تھیں جس میں پاکستان نے افغانستان پر زور دیا تھا کہ وہ اپنی سرزمین پر موجود دہشت گردوں، ان کی پناہ گاہوں، مالی معاونت کرنے والوں اور سہولت کاروں کے خلاف فوری طور پر کارروائی کرے۔ایڈیشنل سیکرٹری خارجہ تسنیم اسلم نے اس موقع پر افغان ڈپٹی ہیڈ آف مشن کو ایک ڈوزیئر بھی دیا جس میں دہشت گرد حملوں کی تفصیلات اور دیگر متعلقہ مواد شامل ہے۔
واضح رہے کہ13فروری کو لاہور اور 15 فروری کو فاٹا کی مہمند ایجنسی میں ہونے والے خود کش دھماکوں سمیت پاکستان میں ہونے والی کئی بڑی دہشت گردی کی کارروائیوں کی ذمہ داری کالعدم جماعت الاحرار نے قبول کی ہے جبکہ سیکیورٹی اداروں سمیت ملک بھر میں اپنی گھناؤنی کاروائیاں کرنے کی دھمکی بھی دی ہے۔یاد رہے کہ تحریک طالبان ،جماعت الاحرار ،لشکر جھنگوی العالمی سمیت دیگر کالعدم تنظیموں نے افغانستان میں محفوظ ٹھکانے بنا رکھے ہیں جہاں وہ بھارتی معاونت اور سرپرستی سے پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کے لئے اپنی کارروائیاں کرتی ہیں ۔

Tuesday, 14 February 2017

مہمند ایجنسی میں صبح سویرے خود کش دھماکہ ،ایک شخص جاں بحق ،3لیوئز اہلکار وں سمیت کئی افراد زخمی

ہمند ایجنسی میں پولیٹکل آفس کے باہر ایک خود کش حملہ آور خود کواڑا لیا جس کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ3لیوئز اہلکار وں سمیت کئی افراد زخمی ہو گئے ۔
میڈ یا رپورٹس کے مطابق مہمند ایجنسی کے علاقے غلنئی میں پولیٹکل آفس کے ہیڈ کوارٹر کے مین گیٹ پر دو خود کش حملہ آوروں نے اندر گھسنے کی کوشش کی تو اس دوران لیوئز اہلکاروں کی مزاحمت پر ایک حملہ آور نے خود کو اڑا لیا جس کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق تین جبکہ3لیوئز اہلکار وں سمیت کئی افراد زخمی ہو گئے جنہیں ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے ۔بتا یا جا رہا ہے کہ دو حملہ آ ور آئے تھے جن میں سے ایک نے خود کو اڑا لیا جبکہ دوسرا فرار ہوگیا ہے۔دھماکے کے بعد سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں میں فائرنگ کا بھی تبادلہ ہوا ہے ۔سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے تاکہ خود کش حملہ آور کے ساتھ دیگر دہشت گردوں کو بھی پکڑا جا سکے

دبئی کے رہنے والوں کیلئے بڑی خوشخبری آگئی،اب نقل وحرکت کیلئے ڈرون طیاروں میں اڑیں گے

دبئی کے رہنے والوں کیلئے بڑی خوشخبری آگئی،اب نقل وحرکت کیلئے ڈرون طیاروں میں اڑیں گے۔
اس بات کا اعلان دبئی میں شاہراہوں اور مواصلات کے سربراہ میتھیو الطائر نے عالمی سربراہان حکومت کے اجلاس میں کیا، میتھیو الطائرنے کہا ہے کہ چائنا کا ماڈل ’ای ہینگ184‘ پہلے ہی آزمائشی پروازیں کامیابی سے کر چکا ہے،یہ ڈرون ایک سو کلو گرام تک وزنی ایک مسافر کے ساتھ آدھے گھنٹے تک پرواز کی صلاحیت کا حامل ہے۔
دبئی میں رواں برس سے ایسے مسافر بردار ڈرون اڑیں گے جن میں ایک مسافر کے بیٹھنے کی گنجائش ہو گی،ریاست میں مسافر بردار ڈرونز کی باقاعدہ پروازوں کا آغاز اس برس جولائی میں ہو جائے گا۔
اس ڈرون میں کنٹرول کے لیے صرف ایک ٹچ سکرین نصب ہے،محکمہِ مواصلات کی جاری کردہ ویڈیو کے مطابق اسے کمانڈ سینٹر سے خودکار پائلٹ کے ذریعے کنٹرول کیا جاتا ہے،اس کی رفتار سو میل فی گھنٹہ بتائی گئی ہے اورایک بیٹری پر یہ 30 میل کی اڑان بھر سکتا ہے۔
خبر رساں ادارے اے پی کے مطابق الطائر نے کہا کہ یہ صرف ایک ماڈل نہیں، بلکہ ہم نے اس پر بیٹھ کر دبئی کی فضاو¿ں میں اڑنے کا تجربہ کیا ہے،اس ڈرون کو جون 2016 میں امریکی ریاست نیواڈا میں بھی آزمایا جا چکا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ اسرائیل کی اربن ایروناٹکِس نے اعلان کیا تھا کہ فوجی مقاصد کے لیے تیارکردہ اس کا مسافر ڈرون، کورمورانٹ2020 میں فوج کے حوالے کیا جا سکے گا،چودہ لاکھ ڈالر کی لاگت سے بنایا جانے والا یہ ڈرون پانچ سو کلوگرام وزن کے ساتھ ایک سو پندہ میل فی گھنٹے کی رفتار سے پرواز کر سکتا ہے۔

صدر اور وزیر اعظم نے 4 سال کے دوران غیر ملکی دوروں پر کروڑوں روپے کی ٹپ دی: نجی ٹی وی کا دعویٰ

 ایک ایسا ملک جس کے کروڑوں لوگ دو وقت کی روٹی کیلئے ترس رہے ہوں  اس کے حکمرانوں کی جانب سے شاہانہ طرز عمل اپنانا باعث افسوس ہے ، لیکن ہمارے حکمران شاید سادگی کو گناہ سمجھتے ہیں اسی لیے نہ صرف غیر ملکی دوروں پر کروڑوں روپے خرچ کر دیتے ہیں بلکہ کروڑوں روپے کی ٹِپ دینا معمولی بات سمجھتے ہیں۔
نجی ٹی وی ”چینل 24 “ نے 2006 سے 2009 تک پاکستانی صدر اور وزیر اعظم کی شاہ خرچیوں کی ایک فہرست جاری کی ہے۔ فہرست میں شامل دیگر شاہ خرچیاں تو ایک طرف ہمارے حکمرانوں نے ان 4 سالوں کے دوران صرف ٹِپ کی مد میں کروڑوں روپے خرچ کردیے۔
فہرست میں بتایا گیا ہے کہ ان چار سالوں کے دوران مختلف غیر ملکی دوروں پر ایک لاکھ 1 ہزار 4 سو ڈالر اور 3 ہزار پاﺅنڈ ٹپ دی گئی جبکہ صرف انقرہ میں 4 روزہ دورے پر 7 ہزار ڈالر ٹپ دی گئی۔

کیاحدیقہ کیانی برطانیہ میں کوکین سمگل کرتی پکڑی گئیں؟اصل حقیقت سامنے آ گئی

پاکستان کی انتہائی معروف پاپ گلوکارہ حدیقہ کیانی کی اس وقت حیرانگی کی انتہا نہ رہی جب انہوں نے اپنے بارے میں خبر پڑھی کہ ”وہ لندن سے کوکین سمگل کرتی ہوئیں رنگے ہاتھوں گرفتار ہو گئیں ہیں“جو کہ دراصل ایک غلط اور بے بنیاد خبر تھی جسے ایک نجی انگریزی اخبار نے شائع کیا تھا ۔
تفصیلات کے مطابق نجی انگریزی اخبار کی جانب سے خبر شائع کی گئی کہ پاپ سنگر حدیقہ کیانی لندن کے ہیتھرو ایئرپورٹ پر ’دو کلو کوکین سمگل کرنے کی کوشش کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑی گئیں جو کہ انہوں نے کافی کے بیگز میں چھپائی ہوئی تھی ‘۔جب یہ خبر حدیقہ کیانی نے دیکھی تو وہ حیران پریشان رہ گئیں اور فوری ٹویٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے اس بے بنیاد خبر کے بارے میں اپنے مداحوں کو آگاہ کیا ۔انہوں نے کہا کہ وہ اس وقت بخیریت لاہور میں موجود ہیں اور اپنے بھانجے کی سالگرہ منا رہی ،یہ خبر جھوٹی اور بے بنیاد ہے ۔ٹویٹر پر اپنے پیغام کے ساتھ انہوں نے اپنی والدہ اور بھانجے کے ساتھ تصویر بھی شیئر کی ۔

پی ایس ایل کے فائنل میچ کو شیڈول کے مطابق یقینی بنایا جائے گا:جنرل قمر جاوید باجوہ


آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے نے کہاہے کہ مال روڈ پر دھماکہ پی ایس ایل کا فائنل سبوتاژکرنے کے لئے کیا گیا لیکن پاک فوج فائنل میچ لاہور میں کروانے کے لئے بھر پور مدد کرے گی،میچ کو شیڈول کے مطابق یقینی بنایا جائے گا۔
پاک فوج کے ادارہ تعلقا ت عامہ (آئی ایس پی آر ) کے مطابق آرمی چیف کی زیر صدارت کور ہیڈ کوارٹرز لاہور میں سیکیورٹی سے متعلق اجلاس جس دوران انہوں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم بحیثیت قوم اس غیرانسانی بہیمانہ ذہنیت کو شکست دیں گے، پاک فوج پی ایس ایل فائنل کے لاہور میں انعقاد کے لیے ہر قسم کی مدد دے گی، دہشتگردوں کے ماسٹرز، فنانسرز،منصوبہ سازوں ، سہولت کاروں کاخاتمہ کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردوں کے سہولت کار اور منصوبہ ساز جہاں ہیں پکڑیں گے،ہر قسم کے دہشتگردوں کے خلاف آپریشن کیا جائے گا.

انہوں نے کہا کہ گزشتہ رات کچھ افغانوں سمیت اہم گرفتاریاں کی گئیں، سالہا سال سے حاصل کی گئی کامیابیوں کو ضائع نہیں ہونے دیں گے۔آئی ایس پی آر کا کہناتھا کہ آرمی چیف نے سروس ہسپتال میں زخمیوں کی عیادت کی۔

لاہور میں دھماکہ ،فیس بک نے سیفٹی چیک جاری کردیا ،لوگ اپنے پیاروں کی خیریت دریافت کرتے رہے

صوبائی دارالحکومت لاہور میں گزشتہ روز دھماکے نے 13افراد کی جان لے لی جبکہ 80سے زائد زخمیوں کو مختلف ہسپتالوں میں طبی امداد دی جا رہی ہے ۔دھماکے کے بعد امدادی ٹیموں اور شہریوں نے موقع پر پہنچ کر اپنی مدد آپ کے تحت زخمی افراد کو ہسپتال پہنچانے کا سلسلہ شروع کیا ۔جہاں ایک طرف بہادر لاہوریوں نے اپنے زخمی بھائیوں کو فوری طور پر ہسپتال پہنچانے کے لیے امدادی سرگرمیاں شروع کیں تو وہاں ہی فیس بک نے بھی لاہور کے رہائشیوں کی مدد کے لیے سیفٹی چیک جاری کردیا جس کو استعمال کرتے ہوئے لوگوں نے اپنے پیاروں کو اپنی خیریت سے آگاہ کیا ۔لوگوں نے فیس بک پر ”i am safe“اور ”not in the area“ کے بٹن پر کلک کر کے اپنی خیر و عافیت سے اپنے پیاروں کو آگاہ کیا ۔واضح رہے کہ فیس بک کا یہ سیکیورٹی چیک گلشن اقبال پارک میں دھماکے کے دوران بھی استعمال کیا گیا تھا جس کی مدد سے لوگوں کو ا ن کے پیاروں کی خبر مل گئی تھی ۔

پاکستان سپر لیگ کا فائنل لاہور میں ضرور ہو گا : زعیم قادری

صوبائی وزیر پنجاب زعیم حسین قادری نے کہا ہے کہ پوری قوم دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کیلئے پرعزم ہے ۔ دہشت گردوں نے پاکستان کے دل پر حملہ کر کے قوم کو سوگوار کیا تاہم پاکستان سپر لیگ کا فائنل لاہور میں ضرور ہو گا ۔

نیو نیوز کے مطابق لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پولیس افسران اور جوانوں نے اپنی جان دیکر لوگوں کی حفاظت کی تاہم حکومت شہداءکے لواحقین کا نقصان پورا نہیں کرسکتی ۔سانحہ پر سیاست نہ کی جائے بلکہ دہشت گردوں سے مل کر نمٹنا ہو گا ۔
ان کا کہنا تھا کہ لاہور میں سال بعد دہشتگردی کا واقعہ ہوا ہے ، عسکری اداروں اور قانون نافذ کرنے والے محکموں نے پنجاب میں دہشت گردی کے خلاف سینکڑوں آپریشن کیے ۔جن ہسپتالوں میں مریض لائے گئے ہیں وہاں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے اور علاج معالجے کے حوالے سے کسی مریض نے کوئی شکایت نہیں کی ۔

ویلنٹائن ڈے : اسلام آباد میں پھول اور سرخ غبارے فروخت کرنے والو ں کو گرفتار کرنے کا حکم

 وفاقی دارالحکومت میں ویلنٹائن ڈے پر پھول اور سرخ غبارے بیچنے والوں کی  گرفتاری کا حکم دیدیا گیا ۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق پولیس حکام نے وفاقی دارالحکومت میں دکانوں اور سڑکوںپر ویلنٹائن ڈے کی مناسبت سے پھول اور سرخ غبارے فروخت کرنے والوں کو فوری گرفتار کر نے کا حکم دیدیا ہے جس پر عملدرآمد کیلئے پولیس کی ٹیمیں مختلف علاقوں میں روانہ کر دی گئی ہیں ۔

دہشتگردی ہو سکتی ہے راستہ کھول دو‘کیپٹن مبین کے وہ الفاظ جو سچ ثابت ہوگئے

 پنجاب اسمبلی کے سامنے ڈرگ ایکٹ کے خلاف احتجاج کرنیوالے مظاہرین سے مذاکرات کے موقع پر شہید ڈی آئی جی ٹریفک کیپٹن (ر) مبین بار بار مظاہرین کو یہ کہتے رہے کہ سڑک کو ٹریفک کیلئے کھول دیا جائے کیونکہ رش کی وجہ سے دہشت گردی ہو سکتی ہے ، لاہور میں دہشت گردی کے خطرات موجود ہیں، شہید ڈی آئی جی ٹریفک کیپٹن (ر) مبین کا یہ خدشہ درست نکلا اور کچھ دیر بعد ہی دہشت گردی ہو گئی۔
تفصیلات کے مطابق شہید افسرمبین کی بات کسی نے نہ سنی، کچھ ہی دیر بعد دھماکہ ہو گیا اور وہ خودبھی زد میں آگئے ،ڈی آئی جی ٹریفک کیپٹن (ر) سید احمد مبین نے ٹریفک پولیس کے افسروں کی میٹنگ کیلئے شام سات بجے قربان لائنز جانا تھا لیکن موت نے انہیں مہلت نہ دی ۔وہ خود چیئرنگ کراس پررک گئے اور ٹریفک بحال کراتے ہوئے خودکش دھماکے میں چل بسے۔خود کش حملہ میں شہید ہونیوالے ڈی آئی جی ٹریفک کیپٹن (ر) سید احمد مبین نے آخری آرڈر ٹریفک وارڈن محسن عباس کو دیا۔ احمد مبین نے محسن عباس کو کہا کہ لو ہے کی خاردار تار سڑک سے خود ہٹاﺅتا کہ ٹریفک بحال ہو جائے، اس لیے ٹریفک وارڈن کیپٹن مبین کے حکم پر تار ہٹانے چلا گیا اور وہ موت کے منہ میں جانے سے بچ گیا لیکن وہ زخمی ہو گیا۔

پاکستانیوں کے لیے ایک اور خوشخبر ی آگئی ،کوہاٹ سے تیل اور گیس کا ذخیرہ برآمد

خیبر پختونخواہ ضلع کوہاٹ سے پاکستانیوں کے لیے بڑی خوشخبری آگئی ،گیس اور تیل کا ایک اور ذخیرہ دریافت کر لیا گیا ۔ پاکستان آئل فیلڈز نے ٹل کے مقام پر تیل و گیس کا نیا ذخیرہ دریافت کر لیا ہے۔نجی نیوز چینل دنیا نیوز کے مطابق پاکستان آئل فیلڈز کے جاری اعلامیہ کے مطابق کمپنی نے خیبرپختونخوا کے ڈسٹرک کوہاٹ میں ٹل کے مقام پر تیل وگیس کا نیا ذخیرہ دریافت کر لیا ہے۔ ابتدائی نتائج کے مطابق ذخیرے سے یومیہ 195 بیرل تیل جبکہ5.6 ایم ایم سی ایف ڈی گیس نکل رہی ہے۔
ماہرین کے مطابق پاکستان میں توانائی بحران پر قابو پانے کے لئے جہاں تیل و گیس درآمد کی جاری ہے وہاں اس قسم کی دریافت سے تیل وگیس کی طلب کو پورا کرنے میں کچھ مدد ضرور ملے گی۔